ممبئی، 4جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )وزیر اعظم مودی کے افریقہ کے دورے پر جانے سے پہلے منگل کو 11بجے کابینہ میں توسیع کی جائے گی۔اس بارے میں صدارتی محل کو مطلع کر دیا گیا ہے۔کابینہ کی توسیع میں کسی بڑی تبدیلی کی امید نہیں ہے۔صرف خالی جگہوں کو ہی مکمل کیا جائے گا۔کئی نئے وزراء کو شامل کرنے کی باتیں بھی کی جا رہی ہیں۔وہیں کابینہ توسیع کو لے کر شیوسینا نے جارحانہ رخ اختیارکرلیاہے۔ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ مرکزی کابینہ میں شیوسینا کو کس طرح شامل کیا جائے گا، اس پر وضاحت ہونی چاہیے ۔ہم لاچارہوکر کسی کے دروازے پرکھڑے نہیں ہوں گے، پہلے کہا کابینی عہدہ دیں گے اورپھر کہاکہ وزیرمملکت کا عہدہ دیں گے۔صاف کریں کہ ہمیں کیا اور کس طرح ملے گا؟ ۔ہوا میں باتیں نہ کریں۔اس پر مجھ سے بے حد ابتدائی بحث ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق کابینہ میں شامل ہونے والے ممکنہ چہروں میں پرشوتم روپالا، رام داس اٹھاولے، انو پریا پٹیل، اجے ٹمٹا، کرشن راج، ایس ایس اہلووالیہ، مہیندرناتھ پانڈے، ارجن رام میگھوال، پی پی چودھری، پھگن سنگھ کلستے کا نام شامل ہے۔بجلی کے وزیرمملکت پیوش گوئل، پٹرولیم کے وزیر دھرمیندر پردھان اور اقلیتی امور کے وزیر مملکت مختار عباس نقوی کو کابینہ وزیر کا عہدہ دئیے جانے کی قیاس آرائی ہے۔